عارف علوی صدر کے طور پر برتاؤ کریں، پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل یا ٹائیگر فورس کے رکن کے طور پر نہیں
اسلام آ باد(پی پی آ ئی)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ صدر نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں انتخابات کی تاریخ کا “اعلان” واپس لے کر ثابت کردیا انہوں نے غیرآئینی حکم جاری کیا تھا،صدر کے وکیل خود تسلیم کر رہے ہیں کہ عارف علوی نے اپنے آئینی اختیارات سے تجاوز کیا،واضع طور پر صدر کے پاس انتخابات کی تاریخ دینے کا آئینی اختیار نہیں تھا۔ سماجی را بطے کی ویب سائت ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سینیٹر شیر ی رحمان نے صدر عارف علوی سے معافی کا مطا لبہ کرتے ہو ئے کہا کہ صرف فیصلہ واپس لینا کافی نہیں، صدر کو اپنے غیر آئینی عمل پر معافی مانگنی چاہئے،اس سے پہلے بھی وہ عمران خان کے غیر آئینی مشورے پر قومی ا سمبلی تحلیل کرچکے ہیں، عارف علوی صدر کے طور پر برتاؤ کریں، تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل یا ٹائیگر فورس کے رکن کے طور پر نہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک آئینی عہدے پر بیٹھے ہیں، ان کا عہدہ جانبداری کی اجازت نہیں دیتا۔ صرف عمران خان کی سیاست کو فائدہ پہنچانے کیلئے اس طرح کے فیصلے اور اقدامات عارف علوی کو ایک متنازعہ صدر بناتے ہیں۔ انکو آئینی عہدے پر بیٹھ کر بھی آئین کی پاسداری کرنی چاہئے، عمران خان کی نہیں۔