سری نگر(پی پی آئی)بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی انکی زمینوں سے جبری بے دخلی اور املاک منہدم کرنے کی مہم، سرکاری ملازمین کی برطرفیوں اور جائیدادیں ضبط کرنے کے بعد مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کو معاشی طورپر کمزور کرنے کیلئے پراپرٹی ٹیکس نافذ کر دیا ہے۔کشمیرمیڈیا کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ کشمیریوں کو فاقہ کشی کی طرف دھکیلنے اور انہیں محکوم رکھنے کا ظالمانہ اقدام ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت میں ہندوتوا طاقتیں کشمیریوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے پر تلی ہوئی ہیں اور اگر مقبوضہ جموں و کشمیرکے عوام اس نازک موڑ پر خاموش رہے تو بھارت اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہو جائے گا۔حریت رہنما نے کہا کہ اپنی فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کو محکوم رکھنے میں ناکامی کے بعد مودی حکومت دھوکہ دہی کے ذریعے ان کی زمینیں، وسائل، روزگار اور ذریعہ معاش چھیننے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کے قتل عام، گرفتاریوں، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور دیگر مظالم میں تیزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ظلم و تشدد کے ان ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہدآزادی کو دبانے میں ہرگزکامیاب نہیں ہوگا۔غلام احمد گلزار نے تحریک آزادی کو اجاگرکرنے اور مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جرائم کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کرنے پر بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کشمیر کاز کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا اور امیدظاہر کی کہ مملکت خدادا مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کیلئے اپنی سفارتی کوششوں میں مزید تیزی لائے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی ریاستی دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔
Next Post
اداروں کو بغاوت پر اْکسانے کا مقدمہ مقدمہ ختم،عدالت کا جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو فوری رہا کرنے کا حکم
Thu Mar 2 , 2023
اسلام آ باد(پی پی آئی)دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کی ضمانت پر محفوظ فیصلہ سنادیا گیا۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے دفاعی تجزیہ کار اور ریٹائرڈ جنرل امجد شعیب کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کے خلاف دائر مقدمے ختم کرتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ […]