سوچی: کینیڈا کے ایلیکس بلیدیوسرمائی اولمپکس میں دوگولڈ میڈل جیتنے والے پہلے فری اسٹائل اسکیئربن گئے۔ سوچی ونٹر اولمپکس کے میڈلز ٹیبل پر کینیڈا چار طلائی تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر آگیا۔ سوچی میں جاری ونٹر اولمپکس کے مینز فری اسٹائل اسکینگ موگلز فائنل میں کینیڈا کے ایلیکس بلیدیو نے چھبیس اعشاریہ تین ایک کے اسکور کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ بلیدیو ونٹر اولمپکس میں دوگولڈ میڈلز جیتنے والے پہلے فری اسٹائل اسکئیر بن گئے۔ ویمنز آئس ہاکی میں کینیڈا نے فن لینڈ کو تین صفر سے شکست دے کرمسلسل چوتھی مرتبہ گولڈ میڈل جیتنے کی امیدوں کو زندہ رکھا۔ خواتین کے تین ہزار میٹر ریلے اسپیڈ اسکیٹنگ ایونٹ میں اٹلی، چین، جنوبی کوریا اور کینیڈا نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ مردوں کے پانچ ہزار میٹر اسپیڈ اسکیٹنگ فائنل میں نیدرلینڈزکے مچل ملڈر نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد بازی مارلی۔ جین اسمیکنز نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ مردوں کے ساڑھے بارہ کلومیٹر بائتھلون ایونٹ کا طلائی تمغہ فرانس کے مارٹن فورکیڈ نے جیتا۔