پورٹ الزبتھ: جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر ریان میکلیرن فٹنس مسائل کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ۔ سینچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز میکلیرن کو بیٹنگ کے دوران مچل جونسن کا باﺅنسر لگا تھا ۔ میکلیرن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں باﺅنسر لگنے سے سرمیں درد اور متلی کی شکایت ہے اور یہ تکلیف انہیں باﺅنسر لگنے کے 30گھنٹے بعد شروع ہوئی ۔ جنوبی افریقا کے ٹیم منیجر محمد موسیٰ جی کے مطابق میکلیرن کی حالت پہلے سے بہتر ہے لیکن کھلاڑی کو کسی بڑی انجری سے بچانے کے لئے دوسرے ٹیسٹ میں آرام کا موقع دیا جارہاہے ۔تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ آج سے سینٹ جارج پارک ،پورٹ الزبتھ میں شروع ہوگا ۔ آسٹریلیا کو پروٹیز کے خلاف سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔