لاہور(پی پی آ ئی) سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا جب کہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔قومی سلیکشن کمیٹی نے اعلان کردہ 16 رکنی ٹیم میں محمد حریرہ اور عامر جمال کو پہلی بار شامل کیا ہے جب کہ سابق جنوبی افریقن فاسٹ باؤلر مورنے مورکل باؤلنگ کوچ ہوں گے۔ٹیم کا انتخاب سری لنکا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس میں چار سپنرز،چار فاسٹ باؤلرز، چھ مستند بیٹرز اور دو وکٹ کیپرز شامل ہیں۔تاہم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہو گئی ہے، انہیں آئندہ ماہ سری لنکا کے دورے میں کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
سری لنکا کے خلاف ہونے والی 2 ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز دراصل تیسری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔قومی سکواڈ میں بابراعظم (کپتان)،محمد رضوان (نائب کپتان اور وکٹ کیپر)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد،حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود کو شامل کیا گیا ہے۔دوسری جا نب شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کے لیے صرف ایک وکٹ درکار ہے، فاسٹ باؤلر کے 3 دسمبر 2018 کو ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد سے کوئی بھی پاکستانی باؤلر ان سے زیادہ وکٹیں نہیں لے سکا۔
