کراچی (پی پی آئی)ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن کی چیئر پرسن ناہید شاہ درانی نے ادارہ میں بڑے پیمانے پرتبدیلیاں کرتے ہوئے بزرگ و معذور بیمہ دار افراد کے لئے پنشن منظوری کے موجودہ فرسودہ نظام کا خاتمہ کرکے پنشن کی فوری منظوری کے لئے جدید اور سبک رفتار نظام کے نفاذ کی منظوری دی ہے۔پی پی آئی کے مطابق ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن کے سابق افسر تعلقات عامہ اور ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ پاکستان اسرار ایوبی نے بتایا کہ چیئر پرسن سیکریٹریٹ کراچی سے 11 جولائی کو جاری سرکلر نمبر 8/2023 کے مطابق چیئر پرسن ناہید شاہ درانی کی جانب سے سندھ و بلوچستان، پنجاب اور اسلام آباد خیبر پختونخوا اور گلگت و بلتستان کے بینی فٹس اینڈ کنٹری بیوشن ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل حضرات کو واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ متوفی بیمہ دار فرد یا پنشنر کے لواحقین کی جانب سے ہر طرح سے مکمل پنشن دستاویزات جمع کرانے اور ریجنل آفس میں بینک الفلاح کے جاری کردہ آخری ادائیگی سرٹیفکیٹ کی وصولی کے بعد کام کے 5 یوم کے اندر پسماندگان پنشن کی منظوری کو قطعی طور پر یقینی بنایا جائے اسی طرح چیئرپرسن کی جانب سے ادارہ کے تمام ریجنل آفسوں کو EOBIماہانہ کنٹری بیوشن ادا کرنے والے اور اپنے ملازمین کا مناسب طریقہ سے ریکارڈ محفوظ رکھنے والے صنعتی اور کاروباری اداروں کے لئے سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ جس کے مطابق اب ای او بی آئی کے تمام ریجنل آفس الیکٹرونکس تبادلہ کے ذریعہ ایسے اداروں کے بیمہ دار افراد کی پرسنل فائلوں کی اسکین شدہ کاپی حاصل کرکے پنشن کے لئے مقررہ شرائط و ضوابط پوری کرنے کے بعد ایسے بیمہ دار افراد کے پنشن دعویٰ جات کی کام کے سات دنوں میں منظوری کو فی الواقع یقینی بنائیں گے۔ اسرار ایوبی نے امید ظاہر کی ہے کہ ای او بی آئی کی چیئر پرسن ناہید شاہ درانی کے اس انقلابی فیصلہ کی بدولت ای او بی آئی کے ہزاروں بزرگ اور معذور بیمہ دار افراد خصوصاً پسماندگان پنشن کی مستحق بے سہارا بیوگان کو بہتر ریلیف میسر آسکے گا۔
Next Post
زرداری، نوازشریف اور فضل الرحمان نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا: حاجی گلبر خان
Thu Jul 13 , 2023
گلگت(پی پی آئی)نومنتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہاہے کہ آصف زرداری، نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان نے منتخب کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔پی پی آئی کے مطابق نومنتخب وزیراعلیٰ جی بی نے کہاکہ ناساز صحت کے باوجود بڑی ذمہ داری دی گئی،آصف زرداری، نوازشریف اور مولانا […]
