پرویز الہٰی سے اہلیہ کی ملاقات کیلئے درخواست پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کو نوٹس

لاہور(پی پی آئی)لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے جیل میں اہلیہ کی ملاقات کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے منگل کو جواب طلب کر لیا۔ جسٹس راحیل کامران شیخ نے قیصرہ الہٰی کی درخواست پر سماعت کی،جسٹس راحیل کامران شیخ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کو نظر بند کرنے کا اختیار ہے اور ریاست ہی کا قانون ہے کہ رشتے داروں کو ملاقات کی اجازت ہے،جسٹس راحیل کامران شیخ  نے پنجاب حکومت کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا کہ شوہر سے بیوی کی ملاقات سے ریاست کو کیا خطرہ ہے، آپ کا کیا خیال ہے؟ پی پی آئی کے مطابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ وہ باقاعدہ کوئی درخواست تو دیں، انہوں نے اپلائی ہی نہیں کیا، نہ رشتے داروں کی فہرست دی ہے،فاضل جج نے کہا کہ درخواست گزار چودھری پرویز الہٰی کی بیوی ہے، اس کا تو خیال کریں، یہ درخواست چیف سیکرٹری کو بھیج دیتے ہیں وہ خود فیصلہ کرلیں گے کس کو بھیجنی ہے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ وہ اتھارٹی نہیں ہیں،جسٹس راحیل کامران شیخ نے کہا کہ تو پھر کل کیلئے نوٹس کر دیتے ہیں۔ پی پی آئی کے مطابق  درخواست گزار قیصرہ الہٰی نے شوہر سے ملاقات کیلئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

Next Post

نوید خالد بٹ ٹیلی کام آپریٹرز ایسوسی ایشن کی مینجمنٹ کمیٹی کے صدر مقرر

Mon Aug 7 , 2023
کراچی (پی پی آئی)پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G  کے گروپ چیف ریگولیٹری آفیسر، نوید خالد بٹ کو نو تشکیل شدہ ٹیلی کام آپریٹرز ایسوسی ایشن (ٹی او اے) کی مینجمنٹ کمیٹی کا صدر مقرر کردیا گیا ہے۔  پی پی آئی کے مطابق ایسوسی ایشن کے پہلے اجلاس کے […]