راولپنڈی (پی پی آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جیل میں رہ کر بھی الیکشن لڑوں گا۔لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے بولنا شروع کر دیا ہے، اب میں بھی بولوں گا، یکم جنوری کے بعد میں پریس کلبوں کا دورہ کروں گا۔پی پی آئی کے مطابق انہوں نے کہا کہ چلے سے پہلے ہائیکورٹ میں پولیس نے بیان دیا ان پر کوئی مقدمہ نہیں ہے، جتنے مقدمات میں نام ہے عدالت نے اس کی تفصیلات مانگی ہیں، کل اے ٹی سی میں میری ضمانتوں پر فیصلہ ہے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جیل میں رہ کر بھی الیکشن لڑوں گا، لطیف کھوسہ، اعتزاز، سلمان اکرم، سردار عبدالرزاق کو وکالت نامے دے دیئے ہیں اگر جیل میں بھی گیا تو وہ میرے اٹارنی ہوں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وہ جو کہتے تھے ووٹ کو عزت دو، وہ بھی بلاول نے کل انوکھا لاڈلا سے چھین لیا ہے۔