سابق صوبائی وزیر و قصور سے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر سردار آصف نکئی گرفتار

لاہور(پی پی آئی) پنجاب کے سابق صوبائی وزیر اور قصور سے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر سردار آصف نکئی کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان تحریک انصاف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ سابق صوبائی وزیر اور قصور سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر سردار آصف نکئی کو گزشتہ شب اسلام آباد سے نامعلوم افراد نے حراست میں لیا لیکن اب تک کسی بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، علاوہ ازیں اسلام آباد سے سابقہ وفاقی وزیر علی نواز اعوان اور اٹک سے ٹکٹ ہولڈر اکبر تنولی بھی دو ہفتوں سے مغوی ہیں۔ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی ہے کہ جبری پریس کانفرنسز اور کٹھ پتلی پارٹیوں میں شنولیتیں کروانے کے لیے سیاستدانوں کے اغوا برائے بیان پر جمع کروائی گئی پٹیشنز کو ترجیحی بنیاد پر سپریم کورٹ میں لگائیں تاکہ انسانی حقوق کی پامالی کا راستہ روکا جائے۔علاوہ ازیں تحریک انصاف نے عام انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کروانے کیلیے درخواست دائر کردی، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے درخواست ترجمان معظم بٹ ایڈوکیٹ نے دائر کی، درخواست میں وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، گورنر کے پی، الیکشن کمیشن، خیبر یونین آف جرنلسٹس اور پشاور پریس کلب کو فریق بنایا گیا ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کو سیاست کے یکساں مواقع فراہم نہیں کیے جارہے، جلسے اور کنونشن تک کی اجازت نہیں، آرٹیکل 218 (3) کے تحت صاف شفاف اورغیرجانبدارالیکشن کرانا لازمی ہیں، نگران حکومت غیر جانب دار نہیں رہی بلکہ پی ٹی آئی مخالف ہے، موجودہ گورنر کی موجودگی میں صاف شفاف الیکشن کا امکان نہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے بھی انتخابات کی انعقاد میں غیر آئینی تاخیر کی۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت گورنر کو صاف اور شفاف الیکشن کے انعقاد کے عمل میں دخل اندازی سے روکے، صوبے میں صاف اور شفاف انتخابات جوڈیشل افسران کے تحت کروائے جائے کیوں کہ گورنر خیبر پختونخوا اور نگراں صوبائی حکومت کی آئینی حیثیت بھی متنازع ہوگئی جب کہ تحریک انصاف کو صوبے میں سیاست کے یکساں مواقع فراہم نہیں کیے جارہے، جلسے اور کنونشن تک کی اجازت نہیں اور پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور مقامی قیادت گرفتار یا مقدمات کا سامنا کررہی ہے۔

Next Post

یاماہا کمپنی نے عوامی سواری کی قیمت پھر بڑھا دی

Sun Nov 19 , 2023
لاہور(پی پی آئی(عوامی سواری کہلانے والی سواری عوام کی پہنچ سے ہی دور ہو گئی، یاماہا کمپنی نے عوامی سواری کی قیمت پھر بڑھا دی۔ کمپنی کی جانب سے موٹرسائیکل کی قیمتیں بڑھانے کے بعد اب یاماہا وائے بی آر کی قیمت میں 17 ہزار 500 روپے اضافے کے ساتھ 4 لاکھ 52 ہزار 500 روپے کی ہو گئی،  وائے […]