یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر منعقدہ تقریبات کے لیے سیکورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ آئی جی سندھ

کراچی(پی پی آئی)ترجمان سندھ پولیس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی اقدامات انتہائی چوکنا اور الرٹ رہتے ہوئے انجام دیئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے منعقد کی جانیوالی مختلف تقریبات,سیمنار اور علاقوں سے برآمد ہونیوالی ریلیوں کو تھانوں کی سطح پر سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں منتظمین کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ تمام مرکزی شاہراہوں پر پولیس گشت,پکٹنگ جبکہ بارڈرز ایریاز پر ناکہ بندی اور مشتبہ افراد و مشکوک گاڑیوں کی کڑی نگرانی کیساتھ ساتھ سرچنگ کے عمل کو بھی انتہائی مربوط اور مؤثر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں قائم تمام حساس تنصیبات,اہم سرکاری غیرسرکاری عمارتوں و دیگر اہم مقامات پر فول پروف سیکیورٹی کے حوالے سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے باہم ملکر تمام تر اقدامات کو کو غیرمعمولی بنایا جائے۔  آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس سیکیورٹی کے مجموعی امور میں قانون پسند شہریوں کے احترام کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے۔

Latest from Blog