دبئی(پی پی آئی/وام)دبئی انٹرنیشنل (ڈی ایکس بی) ائیر پورٹ سے 2023 کے دوران سالانہ ٹریفک میں 8کروڑ0 7لاکھ مسافروں نے استفادہ کیا یہ تعداد کرونا کی وبا سے پہلے کی ٹریفک سطح سے بھی زیادہ ہے بین الاقوامی مسافروں کی آمدورفت کے لیے دنیا کے معروف ہوائی اڈے کے طور پردبئی کی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی ہے۔ دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کہاہے کہ 2023 میں ڈی ایکس بی کی شاندار کارکردگی دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی قیادت کا شاندار ثبوت ہے۔دبئی اکنامک ایجنڈا ڈی33 کے ہدف کے مطابق دبئی کو اگلے دہائی میں سیاحت اور کاروبار کے لیے دنیا کے سرفہرست تین شہروں میں سے ایک میں لایا جائے گا۔دبئی ایئرپورٹس کے سی ای او پال گریف تھس نے کہا کہ اگست 7.9 ملین مہمانوں کے ساتھ سب سے زیادہ ٹریفک والا مہینہ تھا۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، ڈی ایکس بی سے فی الحال 102 بین الاقوامی فضائی کمپنیاں 104 ممالک کے 262 شہروں کے لیے پروازیں چلارہی ہیں ڈی ایکس بی پر2023 کے دوران مجموعی طور پر 77.5 ملین بیگز کو سنبھالا گیا،جو ایک کلینڈر سال میں بیگز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ 95 فیصدسے زیادہ مہمانوں کو روانگی پاسپورٹ کنٹرول کے وقت سات منٹ سے بھی کم انتظار کرنا پڑا جبکہ 97.5 فیصدمہمانوں کے لیے روانگی پر سیکیورٹی چیک کے وقت انتظار کا اوسط وقت چار منٹ سے بھی کم تھا۔ابتدائی تخمینوں کے مطابق 2024 میں، ڈی ایکس بی پر 88.8 ملین مہمانوں کی آمد متوقع ہے۔