لاہور(پی پی آئی) کرغزستان میں پُرتشدد واقعات کے بعد پاکستانی طلبہ کی واپسی کا عمل شروع ہو گیا، طلبہ سمیت 180 مسافروں کو لے کر پہلی پرواز KA-571 لاہور ایئرپورٹ پر پہنچ گئی ہے۔ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خصوصی طور پر طلبہ کا استقبال کیا، اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر لاہور ایئرپورٹ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ایئرپورٹ منیجر نذیر احمد خان نے بتایا کہ پرواز میں آنے والے مسافروں کیلئے بین الاقوامی آمد لاؤنج میں الگ کاؤنٹرز بنا دئیے گئے ہیں، بشکیک سے آنے والے طلبہ اور مسافروں کی تیز ترین امیگریشن کیلئے ایف آئی اے کو بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق بشکیک میں پھنسے طلبہ اور مسافروں کو لانے کیلئے مزید پروازیں چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، خصوصی پروازیں کل بھی بشکیک سے پاکستان کیلئے چلائی جائیں گی۔کل 2 پروازوں کے ذریعے 360 پاکستانی طلبہ کو واپس پہنچایا جائے گا کل ایک پرواز لاہور اور ایک اسلام آباد پہنچے گی، دونوں پروازیں کل شام تک پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔پاکستانی سفارتخانے کے مطابق طلبہ کی جانب سے ٹکٹوں کی خریداری کا عمل شروع ہو گیا ہے، دوسری جانب کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر نے طالبات کے ساتھ جنسی ہراسانی کی تردید کی ہے۔