مالاکنڈ(پی پی آئی)گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو ایک پھر گورنر ہاؤس آنے کا دعوت دیتا ہوں۔گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان پل کا کردار ادا کروں گا، بات دلیل کی بنیاد پر کرنا چاہئے نہ کہ غیر مہذبانہ انداز میں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر وہ عار محسوس کرتے ہیں تو میں وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کو تیار ہوں، صوبے کا مقدمہ متعلقہ فورم پر لڑنا چاہتے ہیں، تمام پارٹیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور صوبے کا مقدمہ لڑیں، گورنر ہاؤس ہر سیاسی پارٹی کا گھر ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مقابلے الیکشن میں کریں گے، اب وقت کارکردگی کا ہے، صوبے کے حقوق کے لئے وزیراعلیٰ کے ساتھ ہر وقت ملنے کو تیار ہوں، گورنر راج نہیں لگائیں گے، پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، وزیراعلیٰ بجلی پر قبضہ کرنے کی بات نہ کریں۔گورنر کے پی نے کہا کہ وفاق کو مشورہ دیا ہے کہ بجلی کی تینوں کمپنیاں صوبے کے حوالے کریں، صوبائی حکومت اس کے نفع اور نقصان کی ذمہ دار ہو گی، بجلی کے سوئچ پر قبضہ کی نوبت نہیں آئی گی، میں الف با تا پر یقین رکھتا، الف کے معنی آئین، با کا معنی بجلی اور تا کا معنی مالاکنڈ ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سے کہتا ہوں کہ آئیں ملکر عوام کا مقدمہ وفاق سے لڑیں، یہ وقت جذبات کا نہیں ذمہ داری کا ہے۔