ماموں کانجن میں انڈسٹریل زون تعمیر، کسانوں کیلئے کی مالی پیکج دیا جائے:ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/ماموں کانجن(پی پی آئی)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مقامی آبادی اورقریبی اضلاع کے لوگوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے موٹر وے سے متصل انڈسٹریل زون کی تعمیر نا گزیر ہے جس پر پیشرفت کی جانی چاہیے،کسان اس وقت شدید مشکلات سے دوچار ہے اس لئے حکومت مالی معاونت کیلئے فی الفور خصوصی پیکج کا اجراکرے تاکہ کسان آئندہ فصل کی تیاری کر سکیں، ماموں کانجن کو تحصیل بنایا جائے تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 97 کے دورے کے موقع پر مختلف برادریوں کے عمائدین، اہل علاقہ، تاجروں اور کسانوں کے وفود سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پی پی آئی کے مطابق ہمایوں اختر خان نے ماموں کانجن میں قائم دفتر میں بھی اہل علاقہ سے ملاقاتیں کر کے مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ ہمایوں اختر خان نے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران انتقال کر جانے والوں کے عزیز وا قارب سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھاکہ میری آئندہ کی سیاست اس حلقے اورآپ لوگوں کیلئے ہے، میں اپنے وعدے پر پہرہ دے رہا ہوں اور ہر ہفتے حلقے کا دورہ اور لوگوں سے ملاقاتیں اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

Latest from Blog