مظفرآباد(پی پی آئی)کشمیری مہاجرین نے مظفرآباد میں ایک زبردست ریلی نکالتے ہوئے اقوامِ متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی منظورشدہ قراردادوں کے مطابق جموں وکشمیر میں استصواب رائے کا اہتمام کرے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی میں ہزاروں افرادنے شرکت کی جن میں بچے، بزرگ اورخواتین بھی شامل تھیں اوروہ بھارت کیخلاف اور آزادی اور پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگارہے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے عالمی عدالت انصاف سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کرے۔ شرکاء نے شہید برہان وانی چوک سے اقوامِ متحدہ کے مبصر دفتر تک مارچ کیا۔ شرکائے ریلی ”جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے”،”بھارتی غاصبو جموں وکشمیر چھوڑ دو”اور”ہم چھین کے لیں گے آزادی”جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اقوام متحدہ سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ مسئلہ کشمیرکو فوری حل کرے۔بینرز پر”گو انڈیا گو بیک ”کے نعرے بھی درج تھے۔مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین مقبوضہ جموں کشمیر اور شہریان مظفرآباد کا یہ اجتماع مقبوضہ ریاست پر بھارتی فوجی قبضے کو مسترد کرتا ہے۔ مقررین نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے 27اکتوبر 1947 کی بھارتی جارحیت، 5اگست 2019 کے غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات اور11دسمبر 2023کے بھارتی سپریم کورٹ کے یکطرفہ فیصلے کو مسترد کیا۔ مقررین نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی جیلوں میں نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت، صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اورکارکنوں کی فوری رہائی کے لئے اپنا کرداراداکریں۔ ریلی کی قیادت مہاجر رہنماعزیر احمد غزالی کررہے تھے اور اس میں دیگر لوگوں کے علاوہ غلام حسن بٹ، راجہ محمد عارف خان، چوہدری فیروزالدین، مشتاق الاسلام، گوہر احمد کشمیری، سید حامد جمیل، ارشاد احمد بٹ، عبد المجید میر، ریاض اروان، رنگیل بٹ، لال دین اعوان، جعفر الاسلام، آصف مخدومی، سید حمزہ شاہین، محمد اقبال میر، چوہدری محمد اسماعیل، مزمل اسلم، محمد ندیم، ڈاکٹر محمد منظور، محمد امتیاز بٹ، عاطف لون، عبدالحمید لون، صدیق داؤد، مقصود بٹ، محمد اعجاز، محمد شفیع لون، قاری شہباز، راجہ بشارت، بلال احمد فاروقی، اقبال یاسین اعوان، مقصود کیانی، سر انداز میر، چوہدری محمد شفیع، جہانگیر خان، محمد یونس میراورمقامی سیاسی رہنما شوکت جاوید میراور جاوید احمد مغل نے بھی شرکت کی۔