اسلام آباد (پی پی آئی)گزشتہ 2 ماہ میں ترقی کی نمو میں معمولی اضافے کے بعد مئی میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات میں دوہرے ہندسے کی نمو کے ساتھ نمایاں بہتری آئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان بیورو آف اسٹیٹس ٹکس (پی بی ایس)کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق مئی میں برآمدات 18 فیصد بڑھ کر 1.55 ارب ڈالر ہوگئیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 1.32 ارب ڈالر تھیں، ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر برآمدات میں 25.94 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات میں 1.41 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا۔نمو میں اضافے کی وجہ پچھلے مہینوں کے پھنسے ہوئے آرڈرز کے اجرا کو قرار دیا گیا ہے، حکومت نے 2024-25 میں برآمد کنندگان کی ذاتی آمدنی پر ٹیکس کی شرح میں اضافہ سمیت متعدد اقدامات متعارف کرائے ہیں، ان اقدامات کے اثرات آنے والے مہینوں میں نظر آئیں گے۔پی بی ایس کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مئی میں ریڈی میڈ ملبوسات کی برآمدات میں قدر کے لحاظ سے
30 فیصد اور مقدار کے لحاظ سے 42.70 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ نِٹ ویئر کی قیمت میں 24.26 فیصد اور مقدار کے لحاظ سے 36.70 فیصد اضافہ ہو، اس لے علاوہ بیڈ ویئر کی قیمت میں 37.67 فیصد اور مقدار میں 45.67 فیصد اضافہ ہوا۔تولیہ کی برآمدات میں قدر میں 18.18 فیصد اور مقدار میں 29.50 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سوتی کپڑے کی قدر میں ایک فیصد کمی ہوئی لیکن مقدار میں بالترتیب 23.75 فیصد اضافہ ہوا۔