کراچی ( پی پی آئی ) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جوہر قندھاری نے حکومت کی جانب سے برآمدات پر فکس ٹیکس رجیم کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے برآمدات متاثر ہونگی جبکہ سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی اور ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچے گا۔ پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافہ کیلئے صنعتکاروں کو سہولیات فراہم کرنے کی بجائے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ پہلے ہی حکومت کی جانب سے پیداواری لاگت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دی گئی ہے، بجلی اور گیس کے نرخوں میں آئے روز اضافہ کیا جا رہا ہے، شرح سود بھی خطہ میں سب سے زیادہ ہونے کے باعث قرضوں کی سہولت موجود نہیں، آمدن پر متعدد سیلز ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس، ریگولیٹری ڈیوٹیز، اور انکم ٹیکس میں اضافہ کرکے انڈسٹری پر عائد ٹیکسز کی شرح آمدن کا 50 فیصد ہوگئی ہیں ایسے میں صنعتیں کیسے چلیں گی۔ جوہر قندھاری نے کہا کہ دنیا میں کون سی ایسی انڈسٹری ہے جو آمدن کا 50 فیصد ٹیکس ادا کرکے منافع میں چل سکتی ہے۔ اس صورتحال میں انڈسٹری چلانا ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ حکومت کی ان اقدمات کی وجہ سے خدشہ ہے کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری مکمل طور پر رک جائے گی۔