مظفر آباد(پی پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر و شاخ نے آج”تشدد کے متاثرین کی حمایت“کے عالمی دن پر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کے خلاف مظفر آباد میں ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ریلی کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔ مقررین نے ریلی کے شرکا ئسے خطاب میں کہا کہ قابض بھارتی فورسز مقبوضہ جموں وکشمیر میں آزادی کے مطالبے کی پاداش میں کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں، بیگناہ لوگوں کو عقوبت خانوں میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج تحریک آزاد ی کو دبانے کیلئے جسمانی و ذہنی تشدد کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم کایہ سلسلہ 1947سے جاری ہے تاہم مودی حکومت نے جبر واستبداد کے اس سلسلے میں تیزی لائی ہے اور وہ نہ صرف کشمیریوں کو قتل، گرفتار اور دیگر مظالم کا نشانہ بنا رہی ہے بلکہ اس نے مقبوضہ علاقے کے لوگوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں۔مقررین نے کہا کہ بھارت کی تمام تر چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی منصفانہ تحریک کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔