کراچی)پی پی آئی)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) نے ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگناسٹک سینٹر، المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ، خدمتِ انسانیت اور پاکستان آئی بینک سوسائٹی کے تعاون سے کے سی سی آئی میں ایک فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جس میں نہ صرف کے سی سی آئی ممبران بلکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی بھرپور شرکت کی۔میڈیکل کیمپ متعدد سہولیات پر مشتمل تھا جس میں شوگر، کولیسٹرول، بونز منرل ڈینسٹی ٹیسٹ سمیت سی بی سی کے ساتھ ساتھ دانتوں کے مستند ڈاکٹرز اور جنرل فزیشنز سے طبی مشورے بھی شامل تھے۔میڈیکل کیمپ میں کے سی سی آئی کے صدرافتخار احمد شیخ، چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگناسٹک سینٹر پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبداللہ، سینئر نائب صدرالطاف اے غفار، نائب صدرتنویر احمد باری، منیجنگ کمیٹی کے اراکین و دیگر نے شرکت کی۔ صدر کے سی سی آئی نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ بنیادی طبی ٹیسٹ اور معائنے کی لاگت کو کم سے کم کیا جائے تاکہ صحت کا مناسب معائنہ ہماری ثقافت کا حصہ بن جائے جبکہ حکومت کو سرکاری اسپتالوں کے لیے فنڈز میں بھی اضافہ کرنا چاہیے جو اس وقت قابل رحم حالت میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹریز، المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ، خدمتِ انسانیت اور پاکستان آئی بینک سوسائٹی صحت کے شعبے میں سب سے معتبر نام ہیں جنہوں نے انسانیت کی خاطر متعدد سہولتیں کم قیمت پر فراہم کرکے معیار اور خدمات کی فراہمی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔