اسلام آباد(پی پی آئی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی کی چیئرپرسن سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ ہمیں پلاسٹک بیگز کے ماحولیاتی اثرات اور اس کے بے دریغ استعمال پر نظرثانی کرنا ہو گی۔انٹرنیشنل پلاسٹک بیگ فری ڈے کے موقع پر جاری کیے گئے پیغام میں شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ پلاسٹک بیگز سے ماحولیات اور صحت کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں، ہمارے تمام چھوٹے بڑے شہروں کو پلاسٹک کے فضلے کے انتظام میں اہم چیلنجز کا سامنا ہے۔پی پی آئی کے مطابق ان کا مزید کہنا ہے کہ پلاسٹک بیگ کے استعمال کو روکنے کے لیے متعدد بار کوششیں کی گئی ہیں، متبادل کی کمی، عملدرآمد میں سستی اور عوامی عدم آگاہی کی وجہ سے پلاسٹک اشیا کے استعمال کو نہیں روکا جاسکا۔