سلام آباد(پی پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سابق کنوینر اورجموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے شہید برہان وانی اور ان کے ساتھیوں کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری شہدا ء کی عظیم قربانیاں آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہونگی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کہا کہ ایک مقدس مقصد کے لیے اپنا خون اورپسینہ پیش کرنے والے شہدا ء ہمارے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہی تنازعہ کشمیر سردخانے سے نکل کر عالمی سطح پر مرکز نگاہ بن گیاہے۔ انہوں نے مزاحمتی تحریک میں ایک نئی روح پھونکنے میں برہان وانی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید برہان نے نہ صرف تحریک آزادی کشمیر کو زندہ کیا بلکہ بھارتی قبضے سے آزادی کے اہم مقصد کو حاصل کرنے کے عوامی اعتماد کو بھی مضبوط کیا۔شہداء کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے محمود ساغر نے کہا کہ کشمیر کے بہادر عوام ان قربانیوں سے کسی کو غداری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح جدوجہد اس وقت ختم ہو گی جب بھارتی حکومت ہٹ دھرمی کی اپنی روایتی پالیسی ترک کریگی اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر آمادہ ہو جائے گی۔انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالات معمول کے مطابق ہونے اور ترقی کے بلند وبانگ دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے عالمی برادری کو کشمیر کے حوالے سے گمراہ کرنے کے لئے ہمیشہ اپنے میڈیا کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے۔انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری کشمیر کے حوالے سے اپنی پالیسی ترک کرے اور کشمیر کو بھارتی نظریے سے دیکھنا بند کرے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک سیاسی تنازعہ ہے جسے پرامن طریقے سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔