جموں (پی پی آئی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے رہنما رمن بھلہ نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کی پالیسی اور طرزحکمرانی جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی ہے کیونکہ یہ مکمل طوپر ناکام ہوچکی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رمن بھلہ نے رام گڑھ کے علاقے سوانکھا میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر شدیدتشویش کا اظہار کیا جس سے بہت سے نوجوان مایوس ہوگئے ہیں۔انہوں نے خاص طور پر پبلک سروس کمیشن کی مختلف آسامیوں کے لئے خفیہ تقرریوں اور اقربا ء پروری پر تنقید کرتے ہوئے جموں کے امیدواروں کے ساتھ امتیازی سلوک کو اجاگر کیا۔رمن بھلہ نے کہاکہ بی جے پی کی طویل حکمرانی سے عوامی خدمات اور مجموعی ترقی میں شدیدگراوٹ آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی عوام کی فلاح و بہبود پر اقتدار کو ترجیح دے رہی ہے اور انتخابات سے پہلے،انکے دوران اور بعد میں کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔