کراچی(پی پی آئی)پاکستان فارماسسٹس فورم نے فارماسسٹس کی بیروزگاری کے مسئلے پر فوری توجہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر نئی پوسٹیں تخلیق کرے۔ پاکستان فارماسسٹس فورم کی چئیر پرسن مدحت فاطمہ خان نے کہا کہ سندھ شہری میں فارماسسٹس کی تعداد بڑھ رہی ہے لیکن مواقع نہ ہونے کی وجہ سے یہ قابل لوگ بیروزگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارماسسٹ صحت کے نظام کا اہم حصہ ہیں اور ان کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے نہ صرف بیروزگاری کم ہو گی بلکہ عوام کو بھی بہتر طبی خدمات حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ فارماسسٹ کی تعیناتی سے دوائیوں کی دستیابی اور ان کے صحیح استعمال میں بہتری آئے گی جس سے مجموعی صحت کے معیار میں اضافہ ہو گا۔