جنیوا (پی پی آئی)آزاد ماہرین کے ایک گروپ نے آسٹریلیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان میں آسٹریلوی فوج کے ہاتھوں جنگی جرائم میں ہلاک 39 متاثرین کے خاندانوں کو معاوضہ دینے کے اپنے وعدے کو فوری طور پر ایفاکرے۔2020 میں، ایک فوجی انکوائری میں پتہ چلا تھاکہ آسٹریلوی فوجیوں نے افغانستان میں 39 غیر مسلح قیدیوں کو مار ڈالا، جب وہ نیٹو کی زیر قیادت بین الاقوامی سیکیورٹی اسسٹنس فورس میں تعینات تھے۔ کچھ متاثرین کو قتل کرنے سے پہلے تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ماہرین نے کہا کہ “آسٹریلیا بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت متاثرین کو معاوضہ ادا کرے۔2012 میں قتل کئے گئے نذر گل، یارو ماما فقیر اور علی جان کے خاندان ہنوز بے سہارا ہیں۔” گل اپنی تین بیویوں اور 17 بچوں کے کفیل تھے۔ماہرین نے تسلیم کیا کہ آسٹریلوی حکومت سست روی کے باوجود، مجرمانہ تحقیقات اور مجرموں کے خلاف مقدمہ چلانے کی کوششیں کر رہی ہے اور اس نے متاثرین کو معاوضہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔”ا یہ ناقابل قبول ہے کہ آسٹریلوی حکومت ادائیگی پر رضامندی کے چار سال بعد، اور کچھ قتل کے واقعات کو 12 سال گزر نے کے باوجود معاوضہ ادا نہیں کرپائی ہے”ماہرین نے کہا.معاوضے کے علاوہ، بین الاقوامی قانون کا تقاضا ہے کہ آسٹریلیا بحالی کے اقدامات بشمول طبی اور نفسیاتی دیکھ بھال، قانونی مدد اور متاثرین کے خاندانوں، بشمول ان کے بچوں، شریک حیات، اور افغان قانون کے تحت تسلیم شدہ خاندانوں کے دیگر افراد کو تعلیمی یا دیگر مدد فراہم کرے۔افسوس کی بات ہے کہ آسٹریلیا نے متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے براہ راست معافی نہیں مانگی ہے ماہرین نے افغانستان میں لڑنے والی دوسری ریاستوں پر بھی زور دیا کہ وہ مجرمانہ جوابدہی اور معاوضے کو یقینی بنانے کے لیے جنگی جرائم کے الزامات کا مکمل جائزہ لیں۔