اسلام آباد(پی پی آئی)موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کی رابطہ کار رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ پاکستان نے صنفی مساوات یقینی بنانے کیلئے کئی اہم اقدامات کئے ہیں جو پائیدار ترقی کیلئے اہم ستون ہے۔آج (پیر) صبح اسلام آباد میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیاسی نظام میں صنفی کوٹا بھی متعارف کرایا ہے تاکہ فیصلہ ساز اداروں میں خواتین کو مساویانہ نمائندگی مل سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو تعلیم اور فنی مہارتوں میں بہترین سہولیات فراہم کیلئے کام کرنے کے علاوہ پائیدار ترقی کے شعبوں میں خواتین رہنماؤں کی ایک نئی صف تیار کرنے کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کی رابطہ کار نے خواتین پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست معیشتوں میں بھرپور کردار ادا کریں۔