کراچی(پی پی آئی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملک میں 28 اگست کو ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کی کال دیدی، انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک گیر احتجاج میں تاجر رہنما بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا چولہا تو ویسے ہی بند کیا جارہا ہے، مہنگی بجلی ہے اور پھر اوپر سے ٹیکسز ہیں، تاجر اور تنخواہ دار سب ہی پریشان ہیں، وزیراعظم ٹیرف میں بنیادی تبدیلیاں کریں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نوازشریف نے مریم نواز کے ساتھ بیٹھ کر صرف 2 ماہ کیلئے 14 روپے کم کئے ہیں،کے الیکٹرک مافیا سب سے مہنگی بجلی بناتا ہے، کے الیکٹرک کو ہٹا دیا جائے، حب سے ڈائریکٹ کراچی کو بجلی دی جائے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جو بجلی بن رہی ہے اور استعمال نہیں ہو رہی اس کے پیسے بھی ہم ادا کر رہے ہیں، ہم نے اپنی جو تحریک شروع کی ہے حق دو عوام کو اس کے تحت ملتان میں جلسہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ آپ سب بھی ہمارا ساتھ دیں ہم انہیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے، جماعت اسلامی کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے، اگر ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے ہیں تو ہم لانگ مارچ کریں گے یہ تحریک آگے بڑھے گی، پاکستان آگے بڑھے گا، یہ دنیا کو لیڈ کرے گا۔