لاہور(پی پی آئی) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو کیخلاف درخواست پر سماعت 5ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے وکلاکو حتمی دلائل کیلئے طلب کرلیا۔ لاہورہائیکورٹ میں وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، پی پی آئی کے مطابق چیف جسٹس عالیہ نیلم نے استفسارکیاکہ عظمیٰ بخاری کے کیس میں کیا پراگریس ہے؟ سرکاری وکیل نے کہاکہ ہم نے مختلف کمپنیوں کو اس حوالے سے لکھا ہے، ہم نے ویڈیو کو شیئرکرنے میں ملوث33اکاونٹس کی نشاندہی کی ہے،وکیل عظمیٰ بخاری نے کہاکہ ان میں سے محض ایک شخص کو گرفتارکیاگیا، جس نے ویڈیو آگے شیئر کی،اس کی بھی کل ضمانت لگی ہوئی ہے۔