کراچی)پی پی آئی) ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کا جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان کہاہے کہ جمہوریت ایک ایسا نظام ہے جو ہر شہری کو برابری کا حق دیتا ہے، پاکستان میں جمہوری قوتوں نے اس حق کو قائم رکھنے کے لیے ہمیشہ جدوجہد کی ہے، جمہوری نظام میں عوام کی آواز ہی سب سے بڑی طاقت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جمہوری جماعتوں خصوصا پاکستان پیپلزپارٹی نے اس طاقت کو ہمیشہ مضبوط کیا ہے، جمہوریت کے بغیر معاشرتی انصاف ممکن نہیں، پاکستان پیپلزپارٹی نے جمہوریت کے اصول کی حفاظت کے لیے کئی چیلنجز کا سامنا کیا ہے، جمہوری ادارے اور سیاسی جماعتیں ہی وہ ستون ہیں جو پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھتے ہیں۔ ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ وطن عزیز میں جمہوریت کی بحالی کے لیے پیپلزپارٹی قیادت کی قربانیاں ہمارے لیے روشنی کا مینار ہیں، ان قربانیوں کی بدولت آج ہم ایک بہتر مستقبل کی امید رکھتے ہیں، پیپلزپارٹی کی قیادت اور ہر ایک کارکن جمہوریت کا محافظ ہے۔