اسلام آباد(پی پی آئی)چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللّٰہ سمیت 3 اعلیٰ افسروں کو معطل کر دیا۔اس حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق کراچی میں پیپری کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کے کئی بیگز کو نقصان پہنچایا گیا اور اسٹرانگ روم کے تالوں کو توڑا گیا۔الیکشن کمیشن نے معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے۔معطل کیے گئے دیگر 2 افسران میں ڈائریکٹر ایڈمن صوبائی الیکشن کمیشن سندھ اظہر حسین ٹنواری اور الیکشن افسر کراچی خدا بخش شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق تینوں افسران انکوائری کے مکمل ہونے اور اگلے احکامات تک کراچی میں رہیں گے جبکہ جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر علی اصغر سیال کو قائم مقام الیکشن کمشنر سندھ تعینات کر دیا گیا ہے۔
انکوائری کمیٹی میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نذر عباس، ڈائریکٹر وسیم احمد اور آر ای سی لاڑکانہ عبدالوحید شامل ہیں۔کمیٹی 3 دن میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ دے گی۔
