اسلام آباد/لاہور/راولپنڈی (پی پی آئی)اسلام آباد اور راولپنڈی پولیس نے مطلوب ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے لاہور پولیس سے رابطہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت دیگر اضلاع میں توڑ پھوڑ اور امن وامان کی صورت حال خراب کرنے والوں کی گرفتاریاں شروع کر دی ہیں،لاہور پولیس نے اب تک نو مئی اور دیگر مقدمات میں مطلوب 67ملزمان کو گرفتارکیا ہے۔پی پی آئی کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے سابق ٹریک میں کوئی بھی احتجاج پرامن نہیں رہا،پولیس کو مطلوب ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے کارروائی جاری ہے،کسی کو شہر میں توڑ پھوڑ اور امن خراب کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ سیف سٹی کیمروں سے بھی ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے مدد لی جائے گی۔