اسلام آباد(پی پی آئی) احتساب عدالت اسلام آباد میں فواد چودھری کے خلاف جہلم میں سڑک کی تعمیر میں خوردبرد کیس کی سماعت ہوئی، فواد چودھری اپنے وکیل فیصل چودھری کے ساتھ جبکہ نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف بھی احتساب عدالت پیش ہوئے۔ فواد چودھری کے خلاف کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، نیب کی جانب سے رپورٹ تاحال احتساب عدالت میں جمع نہ کروائی جاسکی، نیب پراسیکیوٹر نے رپورٹ جمع کروانے کے لیے مزید وقت کی استدعا کردی۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ نیب کے حوالے سے آئینی ترمیم آئی ہے، قانون دیکھنا ہے،، کچھ وقت درکار ہے۔ پی پی آئی کے مطابق فواد چودھری نے روسٹرم پر آکر کہا کہ 6 ماہ سے انکوائری چل رہی ہے، 6 ماہ سے زائد انکوائری کے بعد کیس کی قانونی حیثیت نہیں رہتی۔۔ بعدازاں احتساب عدالت نے فواد چودھری کے خلاف جہلم میں سڑک کی تعمیر خورد برس کے کیس کی سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔