اسلام آباد(پی پی آ ئی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم میں مولانا کا کردار تاریخ یاد رکھے گی، مولانا کا جتنا شکریہ ادا کروں وہ ناکافی ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میری اور مولانا کی پریس کانفرنس کے بعد جو پی ٹی آئی کا ردعمل آیا وہ افسوسناک ہے، پی ٹی آئی ساتھ ہو یا نہ ہو لیکن ہماری کوشش ہے کہ آج ہر حال میں یہ کام پورا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آپ سب کو 26 ویں آئینی ترمیم کا دن مبارک ہو، اس ترمیم میں کوئی متنازع پوائنٹ نہیں بچا ہے، مولانا کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اپنے سینیٹرز کو پہنچنے کے لیے ہدایات دی ہیں۔چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ جسٹس منصور علی شاہ صاحب نے خود سنیارٹی کے ساتھ میرٹ کی بات کی ہے، ایک جج نے مجھے اور آصفہ بی بی کو وہ انصاف دیا جو کوئی کبھی نہیں دے سکا، اس جج نے مشرف کو سزا دی اور فیض آباد دھرنے کا فیصلہ دیا۔