سری نگر/مقبوضہ کشمیر(پی پی آئی)مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بالخصوص سرینگر میں آج سے شروع ہونے والے پانچ روزہ اسمبلی اجلاس کی وجہ سے پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر میں جو دنیا میں سب سے زیادہ فوجی جماؤ والے علاقوں میں سے ایک ہے، اسمبلی عمارت کے اردگرد سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔قابض حکام نے عسکریت پسند سرگرمیوں میں اضافے کی آڑ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ایک سرکاری عہدیدارنے تصدیق کی کہ بھارتی فوج، پولیس اور پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے سرینگر اور دیگر اہم علاقوں میں نئی چوکیاں قائم کر دی ہیں۔گاڑیوں اورمسافروں کی سخت تلاشی لی جا رہی ہے اورلوگوں کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ فورسز اہلکاروں کی گشت بڑھا دی گئی ہے۔