اسلام آباد(پی پی آئی)اقتصادی امور کے وزیر احد چیمہ نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان آٹھویں مشترکہ وزارتی کمیشن کے آئندہ اجلاس سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے ان خیالات کااظہار اسلام آباد میں پاکستان میں آذربائیجان کے سفیرخضرفرہادوف سے ملاقات میں کیا۔دونوں رہنماؤں نے اگلے ماہ کی تین اور چارتاریخ کو ہونے والے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر نے پاکستان میں آذربائیجان ٹریڈ ہاؤس کے قیام کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس کی مزید تفصیلات آذربائیجان کی حکومت کی منظوری کے بعد سامنے لائی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کوفروغ دینے میں مدد ملے گی۔