مظفرآباد/آزاد کشمیر(پی پی آئی)آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ وہ جلد برطانیہ کا تفصیلی دورہ کریں گے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے پیس فورم انٹرنیشنل برطانیہ (نارتھ زون) کے صدر چوہدری مالک نے ملاقات کی اور برطانیہ کے دورے کی دعوت دی۔آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو اْجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں بے انتہا اضافہ کر دیا ہے اور حال ہی میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈرامہ رچا یا ہے لیکن بھارت یہ جان لے کہ وہ دنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتا۔صدارتی سیکرٹریٹ،ایوان صدر،کشمیر ہاؤس کے اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آبادمیں کشمیرپیس فورم انٹرنیشنل برطانیہ (نارتھ زون) کے صدر چوہدری مالک سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پرلوٹن برطانیہ سے شاکر علی نے بھی صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت یہ جان لے کہ کشمیری عوام کی یہ جدوجہد مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری و ساری رہے گی۔