کراچی(پی پی آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر نائب صدر رفیق احمد خاصخیلی نے کہا ہے کہ حکومت زراعت کو تباہی سے بچانے کے لئے فوری توجہ دے۔کمیٹیاں تشکیل دینے اور کرپشن پر پردہ ڈالنے کے بجائے سخت قانون سازی کی جائے۔ ایسی قانون سازی کی جائے جس میں گندم کی ذخیرہ اندوزی، کرپشن، اور اسمگلنگ میں ملوث افراد کے لیے سخت سزائیں مقرر ہوں۔پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے اعلامیہ کے مطابق رفیق احمد خاصخیلی نے مزید کہا کہ گندم کی پیداوار، فراہمی، اور درآمد پر کڑی نظر رکھنے کے لیے ایک مؤثر مانیٹرنگ سسٹم بنایا جائے جو ہر مرحلے پر شفافیت کو یقینی بنائے۔ اگر کوئی ادارہ یا فرد غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا جاتا ہے تو فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ حکومت کے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور نگرانی کے لئے ایک آزاد ادارہ تشکیل دیا جائے۔ گندم کی پیداوار بڑھانے کے لئے کسانوں کو سستی کھاد، جدید بیج اور تکنیکی مدد فراہم کی جائے تاکہ وہ زیادہ پیداوار حاصل کر سکیں۔ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی حکومت سخت ترین اقدامات کرے۔