اسلام آباد(پی پی آئی)پاک فوج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمداویس دستگیرنے پاکستان میں چینی باشندوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حکومت کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہاربیجنگ میں پیپلزلبریشن آرمی کے ہیڈ کوارٹر میں PLA کے کمانڈر جنرل Li Qiaoming سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات کے دوران عالمی اورعلاقائی صورتحال اوردونوں ملکوں کی افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پرخصوصی طورپرتبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں چیف آف سٹاف نے کراچی میں حالیہ دہشتگردحملے میں ہلاک ہو جانے والے چینی باشندوں کیلئے دلی تعزیت کااظہارکیا۔جنرل Li Qiaoming نے پاک فوج کی چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے کوششوں کو سراہا اور پاکستان کو اپنی بھرپورحمایت کایقین دلایا۔دونوں فریقوں نے خطے کی ترقی اور امن کے خلاف کام کرنے والے مشترکہ دشمنوں سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون کومزیدبڑھانے پراتفاق کیا۔دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کے دیگرشعبوں پرغورکیا اورفوجی تعلیم،تربیت، آلات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کی پیشرفت کابھی جائزہ لیاگیا۔