مسلم باغ (پی پی آئی): صوبہ بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں مسلم باغ کے علاقے مہاجر اڈا کے قریب اتوار کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا۔ حملہ آور ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم مقتول کے لواحقین نے کوئٹہ ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا اور حکام سے جرم کے مرتکب افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع قلعہ سیف اللہ میں مسلم باغ کے علاقے مہاجر اڈا کے قریب نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے ایک شخص عبدالواحد محرابزئی کو قتل کردیا۔ حملہ آور ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد مشتعل افراد کے لواحقین نے کوئٹہ ڈیرہ اسماعیل خان مرکزی شاہراہ بلاک کردی جس کے باعث شاہراہ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے عبدالواحد محرابزئی کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔