بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں خطبہ جمعہ کی حکومت سے منظوری لازمی قرار

رائے پور(پی پی آئی)بھارت میں وقف بورڈ کے قوانین میں زبردستی ترامیم کی کوششوں کے دوران ریاست چھتیس گڑھ میں بی جے پی کی حکومت نے غیر آئینی و غیر قانونی قدم اٹھاتے ہوئے ریاست کے ائمہ مساجد کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ خطبہ جمعہ سے قبل وقف بورڈ سے اس کی منظوری لیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چھتیس گڑھ حکومت کے ماتحت وقف بورڈنے مسلمانوں کی عبادت اور مذہبی امور میں براہ راست مداخلت کرتے ہوئے انتہائی قابل مذمت قدم اٹھایا اور ریاست کی تمام مساجد کے متولیان کو ہدایت دی کہ وہ نماز سے قبل بورڈ سے خطبہ جمعہ کی منظوری لیں۔ وقف بورڈ کے چیئرمین نے کہاکہ مساجد اور درگاہیں وقف بورڈ کے ماتحت ہیں اس لئے وہ اس طرح کا حکم جاری کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔وقف بورڈ نے ائمہ کو ہدایت دی کہ وہ حکومت کی  اسکیموں کے بارے میں عوام کو بتائیں۔ وقف بورڈ نے ریاست کی تمام مساجد کے متولیوں کا واٹس ایپ گروپ تشکیل دیا ہے اور ہر متولی کو اس گروپ میں خطبہ جمعہ کا موضوع اور اس کی تفصیلات دینی ہوں گی۔ وقف بورڈ سے مقرر کردہ افسران اس کی جانچ کریں گے اوربورڈ کی منظوری کے بعد ہی ائمہ اس موضوع پر مساجد میں خطبہ دے سکیں گے۔ وقف بورڈ نے دھمکی دی کہ اگر ائمہ نے ان ہدایات پر عمل نہ کیا تو ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاسکتی ہے۔ ائمہ کو اگلے جمعہ سے ان ہدایات کو ہر حال میں نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔دریں اثناآل انڈیامجلس اتحا دالمسلین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھتیس گڑھ کی بی جے پی حکومت کا وقف بورڈ چاہتا ہے کہ خطیب جمعہ کا خطبہ دینے سے پہلے اس کی منظوری لیں اور بورڈ کی اجازت کے بغیر خطبہ نہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آیا اب بی جے پی والے ہمیں بتائیں گے کہ دین کیا ہے؟ اب کیا مجھے اپنے مذہب پر چلنے کے لیے ان سے اجازت لینی ہوگی؟ اسدالدین اویسی نے کہا کہ وقف بورڈ کے پاس ایسا کوئی قانونی اختیار نہیں ہے، اگر اس کے پاس ایسا کوئی اختیار ہوتا تو یہ آئین کے آرٹیکل25 کی خلاف ورزی ہوتی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز،قومی ادارہ امراض قلب سے بذریعہ سیٹلائٹ منسلک

Mon Nov 18 , 2024
کراچی(پی پی آئی)  میئر کراچی  نے کہا ہے کہ امراض قلب کے علاج کے لئے شہریوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات کی فراہمی بیرسٹر مرتضیٰ وہابکے لئے کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں، اسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل عملے کی کمی کو دور کیا جائے گا تاکہ یہاں آنے والے مریضوں کو بروقت […]