شمولیتی پاکستان کے لیے کاروباری خواتین کی اعانت کی ضرورت ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

کراچی(پی پی آئی)گورنر بینک دولتِ پاکستان جناب جمیل احمد نے پاکستان میں تاجر خواتین کی مدد کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ اس وقت قرضے لینے والوں کی مجموعی تعداد میں خواتین انٹرپرینورز کا حصہ 10 فیصد سے بھی کم ہے اور بینک اکاو?نٹس میں ان کا حصہ محض 26 فیصد ہے۔ اسٹیٹ بینک نے معاشی منظرنامے میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرنے کے لیے 19 نومبر 2024ء کو کراچی میں ویمن انٹرپرینورشپ ڈے کا انعقاد کیا۔ تقریب میں مختلف اسٹیک ہولڈرز بشمول  بین الاقوامی اور ملکی شراکت دار اداروں، بینکوں، سول سوسائٹی کی اہم شخصیات اور کامیاب ویمن انٹرپرینورز نے شرکت کی۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے اپنے کلیدی خطاب میں اختراع، معاشی نمو اور سماجی ترقی میں ویمن انٹرپرینورز کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کاروباری خواتین کو درپیش ساختی اور ثقافتی چیلنجز کا اعتراف کیا جن میں فنانس، مارکیٹوں اور رہنمائی تک محدود رسائی شامل ہیں۔ ان مشکلات کے باوجود پاکستانی خواتین نے غیر معمولی عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے زراعت، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے یکم جولائی 2024ء سے 10 نومبر 2024ء تک خواتین کی زیرِ قیادت 20 ہزار سے زائد کاروباری اداروں کو تقریباً 24 ارب روپے کے قرضوں کی فراہمی کی بینکوں کی کاوش کو سراہا۔ اسٹیٹ بینک نے اپنے بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر کے ذریعے 50 سے زائد سیشنز کا انعقاد کیا اور 1500 سے زائد کاروباری  خواتین  تک رسائی حاصل کی تاکہ انہیں فنانسنگ کے دستیاب مواقع سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مالی اداروں پر زور دیا کہ وہ اختراعی اور شمولیتی حکمت عملی اپنائیں اور یو این ویمن اور  یو ایس ایڈجیسے اداروں کے ساتھ شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔تقریب کے اختتام پر معاشی سرگرمیوں میں خواتین کے کردار کو آگے بڑھانے میں خدمات انجام دینے والی نمایاں خواتین انٹرپرینورز اور بینکوں کو ایوارڈز پیش کیے گئے۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ قائدانہ صلاحیتوں کی حامل یہ خواتین آنے والی نسلوں میں جذبہ ابھاریں گی اور اسٹیٹ بینک ایک ایسے شمولیتی مالی ایکوسسٹم کو فروغ دینے کے عزم سے وابستہ ہے جو خواتین کو بااختیار بنائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان50کروڑقرض کے معاہدے پردستخط

Tue Nov 19 , 2024
اسلام آباد(پی پی آئی)پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے آج(منگل) کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریسیلینس انہانسمنٹ پروگرام کے حوالے سے پچاس کروڑ ڈالر کے قرض کے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔سیکرٹری وزارت اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور کنٹری ڈائریکٹر، پاکستان ریذیڈنٹ مشن، ایشیائی ترقیاتی بینک ایما فین نے آج اسلام آباد میں ایک تقریب میں معاہدے پر دستخط […]