اسلام آباد(پی پی آئی) پپولیو کے خاتمے کے عالمی ادارے(جی پی ای آئی) کے وفد نے مؤثر حکمت عملی کے ذریعے پولیو جیسے خطرناک مرض پر قابوپانے کی حکومت پاکستان کی کوششوں کوسراہا ہے۔وفد نے جو دوسری بار پاکستان کے دورے پر آیا ہے نے ان خیالات کااظہار صحت کی قومی خدمات کے بارے میں وزیراعظم کے رابطہ کار ڈاکٹر ملک مختار بھرتھ اورپولیو کے خاتمے کیلئے وزیر اعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق کے ساتھ ملاقات میں کیا۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ملک مختار بھرتھ نے کہاکہ وائرس کے اضافے کو روکنے کیلئے ایک تذویراتی قومی ہنگامی ایکشن پلان پرعملدرآمد کیاجارہا ہے۔پولیو کے خاتمے کیلئے وزیراعظم کی فوکل پرسن نے کہاکہ ہم نے پولیو کے خاتمے کیلئے ایک ٹیم کے طریقہ کار کو اپنایا ہے اورپولیو مہم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے اعدادوشمار پرمبنی اورمقامی طورپر تیار کردہ حکمت عملی کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔وفد نے مشکل صورتحال میں پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کی لگن کی تعریف کی اور بچوں کی فلاح وبہبود کیلئے اس اہم کام کو جاری رکھنے میں ان کی حوصلہ افزائی کی۔