لاہور(پی پی آئی)ساتویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ (MARSEW-7) کا آغاز پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں ہوا۔ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج، ریئر ایڈمرل اظہر محمود نے ورکشاپ کا افتتاح کیا۔میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ ایک قومی سطح کی ورکشاپ ہے جو پاک بحریہ کے زیر اہتمام “محفوظ سمندر، خوشحال پاکستان” کے عنوان کے تحت منعقد کی جا رہی ہے۔ اس ورکشاپ کا مقصد بحر ہند میں میری ٹائم سیکیورٹی اور جیو پولیٹیکل صورتحال کے بارے میں آگاہی کا فروغ، بلیو اکانومی کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور پاکستان کے میری ٹائم وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے میں معاونت ہے۔ یہ ورکشاپ پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں درپیش چیلنجز اور دستیاب مواقع اجاگر کرتی ہے تاکہ ان مواقع اور وسائل کو ملکی معیشت کے استحکام کے لیے استعمال کیا جا سکے۔یہ فورم عوامی اور نجی شعبے کے شرکاء کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جن میں سینیٹرز/ پارلیمنٹیرینز، سینئر بیوروکریٹس، میری ٹائم سیکٹر کے ماہرین، کاروباری طبقہ، تعلیمی ادارے/ تھنک ٹینکس اور میڈیا شامل ہیں۔ اس سال MARSEW-7 میں عوامی و نجی شعبے اور عسکری شعبے سے مجموعی طور پر 38 شرکاء حصہ لے رہے ہیں۔اپنے استقبالیہ خطاب میں، کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج نے ورکشاپ کے مقصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کے دانشور طبقے کو اپنی توجہ سمندر کی جانب مبذول کرنی چاہیے اور بحر ہند میں ہونے والی پیش رفت کو سمجھنا چاہیے جو پاکستان کی قومی سلامتی پر اثر ڈال سکتی ہیں۔ انہوں نے پاک بحریہ کو درپیش مختلف چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی پر روشنی ڈالی جس کے ذریعے قومی بحری مفادات کی حفاظت کی جا رہی ہے۔میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ دو مراحل پر مشتمل ہے؛ تعلیمی سیشن پاکستان نیوی وار کالج میں منعقد ہوگا جبکہ دوسرا مرحلہ مختلف کمانڈز اور مکران کوسٹ کے ساحلی علاقوں کا فیلڈ دورہ ہے۔ شرکاء گوادر پورٹ کا دورہ بھی کریں گے اور CEPEC کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کا انعقاد 2017 سے ہر سال پاکستان نیوی وار کالج میں کیا جا رہا ہے۔ یہ ورکشاپ پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر اور بلیو اکانومی کو فروغ دینے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی کے فروغ میں معاون ہے۔