کراچی(پی پی آ ئی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سندھ کلچر ڈے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سندھ کلچر ڈے کے موقع پر صوبہ کے عوام کو مبارک باد اور اپنی جانب سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔ کلچر ڈے کی سب سے خوبصورتی سندھی اجرک اور ٹوپی کی بہار ہے اس روز صوبہ کے عوام اپنے کلچر سے اظہار محبت کرنے کے لئے صوبہ کی ثقافت سے مزین سندھی ٹوپی اور اجرک پہنتے ہیں۔سندھ کی ثقافت بہت ہی قدیم تاریخی اہمیت کی حامل ہے جو ہزاروں سالوں کی تاریخ اور روایات پر مبنی ہے۔ صوبہ کے عوام کی ہمت، برداشت، اور اپنی ثقافت کے لیے لگن ایک مثال ہے۔ سندھ کلچر ڈے کے موقع پر، ہم صوبہ کے عوام کی ثقافتی وراثت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم صوبہ کے عوام کی ثقافتی اقدار، روایات، اور زبان کو تحفظ دینے اور فروغ دینے کا عہد کرتے ہیں۔ صوبہ کے عوام کے ساتھ مل کر سندھ کی ثقافت کو فروغ دینے اور اسے دنیا بھر میں پھیلانے کا آج عہد کرتے ہیں۔ صوبہ کے عوام کے لیے ہماری دعا ہے کہ وہ اپنی ثقافت، زبان، اور روایات کو فروغ دیں اور انہیں دنیا بھر میں پھیلائیں۔ ایک بار پھر صوبہ کے عوام کو سندھ کلچر ڈے بہت بہت مبارک ہو۔