لاہور (پی پی آ ئی)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کے اصولی موقف کی تعریف کی ہے۔آج (اتوار) لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے ملاقات میں انہوں نے محسن نقوی پر مکمل اعتماد کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا وقارہرچیز سے پرمقدم ہے۔انہوں نے کہاکہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی کا موقف ہر پاکستانی کی آواز ہے اورمحسن نقوی نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے سامنے چوبیس کروڑ پاکستانیوں کی ترجمانی کی ہے۔وزیرداخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کے دوران وزیراعظم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ پی سی بی پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کیلئے پوری طرح تیار ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے جلد اچھی خبر سننے کو ملے گی۔چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ ہم پاکستان اور کرکٹ کی فتح کے خواہشمند ہیں۔