مظفرآباد(پی پی آئی) سابق معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے انسانی حقوق مشال حسین ملک نے کہاہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی شناخت ختم کرنا چاہتا۔ ثقافت کسی بھی قوم کی سب سے بڑی پہچان ہوتی ہے۔ آرٹیکل 370اور 35اے کے خاتمہ کے بعد کشمیر کی ثقافت کو منظم طریقے سے ختم کیا جا رہا ہے۔ اسوقت تمام کشمیری قیادت پابند سلاسل ہے۔ اس لیے آزادکشمیر کے رہنے والے باالخصوص نوجوان کشمیری ثقافت کو محفوظ کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اوورسیز کشمیری گلوبل پلیٹ فارمز پر کشمیری کلچر کو متعارف کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔۔ کشمیر کی زبانیں، لباس، روایتی کھانے،دستکاری اور دیگر مصنوعات کو محفوظ کیا جائے تاکہ یہ آنے والی نسلوں تک منتقل ہوسکیں۔نوجوانوں کے ایک وفد سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی یوتھ اور اوورسیز کشمیر ی مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی آواز کو دنیا تک پہنچائیں۔ آپ یاسین ملک کی آواز بنیں اور سوشل میڈیا سمیت ہر فورم پر منظم مہم کے ذریعے انکے لیے آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک ایک عظیم لیڈر ہیں پھانسی کا پھندا انکے سامنے ہے لیکن انکی آنکھوں میں کسی نے مایوسی نہیں دیکھی۔ اس لیے آپ کی آنکھوں میں بھی مایوسی نہیں ہونی چاہیے۔ مشال ملک نے کہا کہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ آپ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی جاندار آواز بنیں۔