کراچی(پی پی آئی) جماعت اسلامی کے سینئررہنما وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کراچی تاکشمور سندھ میں امن و امان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت صوبہ میں قیام امن اورجرائم کے خاتمے میں ناکام ثابت ہوئی۔حکومتی غفلت کی وجہ سے عوام دن ہو یارات ڈکیتیوں چوری،قتل کی وارداتوں اورامن و امان کی خراب صورتحال کی وجہ سے لوگ شدید پریشان اورعدم تحفظ کاشکار ہیں ایسا لگتا ہے کہ عملی طور پوراصوبہ ڈاکووں ورہزنوں کو پٹے پردے دیا گیا ہے۔جماعت اسلامی سندھ میں موجود ہے اور اپنے نصب العین اور فکر کے ساتھ پوری طرح کام کر رہی ہے۔ موجودہ جبر کے اس ماحول میں ایک سیاسی جماعت کا باقی رہنا اور اس کے کارکنوں کا مسلسل کام کرتے رہنا اس بات کا اظہار ہے کہ جماعت اسلامی زندہ ہے اور سندھ میں اپنی شناخت قائم رکھے ہوئے ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے احباب فاو نڈیشن سندھ کے زیر اہتمام اجتماعی ناشتے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ ممتاز سہتونے جماعت اسلامی کے وفد کے 9روزہ دورہ ایران کے تاثرات پیش کیے۔