کراچی (پی پی آئی) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جنید نقی نے اسٹیٹ بینک سے شرح سود میں 500 بیسز پوائنٹس سے 5 فیصد کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افراط زر کا تناسب 4 فیصد سے کم ہو رہا ہے، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہونے کے ساتھ معاشی اشاریہ مثبت ہیں، جس سے پالیسی ریٹ میں کمی کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔ جنید نقی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک 16 دسمبر کے مانیٹری پالیسی اجلاس میں شرح سود سنگل ڈیجٹ کرے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ سال 2024 اختتام پر ہے، تو نئے سال کی آمد پر عوام کو تحفے کے طور پر شرح سود میں نمایاں کمی کی جائے جس سے قرضوں کی لاگت کم ہوگی، بزنس کمیونٹی خاص طور پر صنعتکاروں کیلئے سستے قرضے لینا آسان ہوگا اور کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی۔ کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ سے برآمدات میں اضافہ ہوگا، روپے کی قدر مستحکم ہوگی اور معیشت بہتری کی جانب گامزن ہوگی۔ جنید نقی نے حکومت خاص طور پر وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بہترین پالیسیوں کے باعث معیشت بحران سے نکلنے میں کامیاں ہوئی جس کا کریڈٹ وزیر اعظم شہباز شریف، کابینہ اور عسکری قیادت کو جاتا ہے جنہوں نے دن رات محنت کرکے پاکستان کو معاشی بحران سے نکالا۔ صدر کاٹی نے ایس آئی ایف سی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔