کراچی(پی پی آئی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ارکان صوبائی اسمبلی مخدوم فخر الزمان، محمود عالم جاموٹ، لیاقت علی اسکانی، سید امیر علی شاہ، ساجد علی بانبھن اور ترجمان سندھ حکومت میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے ملاقات کی۔ارکان اسمبلی نے انھیں پانی، صحت، تعلیم، امن امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل سے آگاہ اور سیاسی و سماجی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعلیٰ سندھ نے ملاقات کرنے والے ایم پی ایز کے حلقوں کے مسائل سنے اور حل کے احکامات جاری کئے اور کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سندھ کی بہتری اور عوامی کی بھلائی کے لیئے کام کیا ہے، عوام کا تحفظ کرنا حکومت کا اولین فرض ہے، امن و امان کی صورتحال میں سندھ پولیس نے بہترین کردار ادا کیا ہے،اپنے متعلقہ حلقوں میں پینے کے پانی، نکاسی آب، صحت اور تعلیم کے مسائل حل کریں اورپولیو کے خاتمے کے لیئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔سندھ میں پولیو کے 17 کیسز ظاہر ہوئے ہیں جس کو اب ہر صورت ختم کرنا ہے، سندھ حکومت نے لوگوں کو بہترین صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے کئی اقدامات کیے ہیں، مستقبل کو روشن دیکھنے کے لیئے تعلیمی نظام میں مثبت اصلاحات کی ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہی عوام کی خدمت کرنا ہے۔صوبے کی ترقی اور خوشحالی لانا ہی ہمارا مقصد ہے، سندھ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتی رہیگی، ہماری حکومت شہری اور دیہی علاقوں میں ترقی منصوبوں کے ساتھ روزگار کے مواقع مہیا کر رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کے حل کے تسلسل میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔