لاہور(پی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ملک اور قوم کیلئے لازوال قربانی دے رہے ہیں، عمران خان اپنی ذات اور مفادات کیلئے سیاست کر رہے ہوتے تو آج جیل سے باہر ہوتے لیکن انہوں نے قوم کے تابناک مستقبل کیلئے قید و بند کی صعوبتیں جھیلنے کو ترجیح دی۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسط کئے گئے ٹولے کے یہ حالات ہیں کہ انہیں عمران خان کی تصویر سے بھی خوف آتا ہے، ان کی یہی کوشش ہے کہ عمران خان کوجھوٹے مقدمات میں سلاخوں کے پیچھے رکھا جائے اورملک میں خوف و ہراس کی فضا قائم رکھ کر اپنے جعلی اقتدار کو طوالت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پاکستانی سیاست کی تاریخ میں جدوجہد کا استعارہ بن گئے ہیں، عوام ان کی جدوجہد میں شامل ہونے کو اپنے لئے فخر سمجھتے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل ہرگز تاریک نہیں ہو سکتا۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ آئندہ جب بھی انتخابات ہوں گے عوام اس دن کو آٹھ فروری پلس میں بدل دیں گے،عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی ایک بڑی سیاسی طاقت بن کر ابھرے گی اور ملک میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔