اسلام آباد(پی پی آئی) پاکستان اور جاپان نے خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اور ملحقہ علاقوں میں ماں اور بچے کی صحت کی بہتری کیلئے ننانوے لاکھ دس ہزا رڈالر کے باہمی منصوبے پر دستخط کئے ہیں۔منگل کے روز اسلام آباد میں دستخط کئے جانے والے اس منصوبے کا مقصد خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تشخیص اور علاج معالجے کے نظام میں بہتری لانا ہے۔یہ ماں اور بچے کی صحت کیلئے ضروری آلات کی فراہمی اور صحت کے سنگین مسائل سے دوچار حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کوعلاج کی سہولیات کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگا۔اس موقع پر پاکستان میں جاپان کے ناظم الامورسوئچی تاکانونے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے اور دوستانہ تعلقات اور تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔